جمعرات، 11 دسمبر، 2014

پولیو ورکر کا قتل پاکستان کے تشخص کے خلاف سازش ہے ، جماعت اسلامی فیصل آباد

جماعت اسلامی کے راہنماؤں سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ، غلام عباس خاں،رائے اکرم کھرل، انجینئر عظیم رندھاوا، راناوسیم ایڈووکیٹ،انجم اقبال بٹ،شیخ محمد مشتاق،رانا عبد الوحید ،پیر کریم اللہ شاہ،زمان خان نیازی نے پولیو ورکر کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان کے تشخص کے خلاف ایک سازش قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چند ضمیر فروش اپنے بیرونی آقاؤں کی خوشنودی کے لئے وطن عزیز کو بدنام کرنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں،ٖصوبائی حکومت نے اس اندوہناک واقعہ کو سنجیدگی سے لینے کی بجائے صرف ڈی سی او کے زریعے صرف دس لاکھ کی امداد کا اعلان کر کے لواحقین کے زخموں پر مزید نمک چھڑکا ہے، سیکورٹی اداروں کے شہید ہونے والے ورکروں
کی طرح پولیو ورکر کے لواحقین کے لئے بھی کم ازکم پچاس لاکھ روپے امداد اور قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امن قائم کرنا اور عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کے فرائض میں شامل ہے ۔ حکمران خود تو سیکورٹی کے حصار میں حکمرانی کے مزے لوٹ رہے ہیں جبکہ عوام کو درندوں اور ٹارگٹ کلرز کے حوالے کر دیا گیاہے ، ملک بدترین معاشی بحران کا شکار ہے اور معاشی بحران سیاسی بحرانوں میں بدلتے دیر نہیں لگتی ۔جب لوگوں کی امید یں محرومیوں میں بدلتی ہیں تو ان کے تیور بھی بدل جاتے ہیں ،زندہ باد کے نعرے لگانے والے مردہ باد کہنے پر مجبور ہوجاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکمران حالات پر جلد قابو پانے میں ناکام رہے تو لوگ مرنے مارنے پر تل جائیں گے ۔ انتخابات میں عوام نے تبدیلی ، انقلاب اور نیا پاکستان کے نعروں سے متاثر ہو کر جن توقعات کا اظہار کیا تھا وہ اب تیزی سے مایوسیوں میں تبدیل ہو رہی ہیں۔ موجودہ حکومت تیزی سے عوامی حمایت کھورہی ہے۔خوشنما نعروں اور بلند وبانگ دعوؤں پر ووٹ دینے والے بددل اور مایوس ہوکر حکومت کا ماتم کررہے ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں