جمعہ، 19 دسمبر، 2014

سراج الحق کی اپیل پر فیصل آباد میں بھی جماعت اسلامی نے سانحہ پشاور پر یوم دعا منایا

امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی سانحہ پشاور پر جماعت اسلامی نے یوم دعا منایا ۔المرکزالاسلامی چنیوٹ بازار سمیت شہر بھر کی مرکزی مساجد میں نماز جمعہ کے بعد سانحہ میں شہید ہونے والے معصوم بچوں کی مغفرت اورپاکستان کی سلامتی کی دعائیں کی گئیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ دہشتگردی کی موجودہ لہر نے پاکستان کے مستقبل کے حوالے سے کئی چیلنج کھڑے کر دیئے ہیں جس کا مقابلہ اللہ رب العزت کی تائید اور قومی یکجہتی کے ساتھ ہی کیا جاسکتاہے ۔ حکمرانوں سے لے کر پوری قوم کو ہر طرح کی بد اعمالیوں سے توبہ اور استغفار کرتے ہوئے اپنے رب سے مدد اور امن کی دعا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستانی قوم کے لیے بدترین سانحہ ہے ۔یہ چند خاندانوں کے نہیں پوری قوم کے بچے ہیں، معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے مسلمان تو کجا ان کا انسانیت سے بھی کوئی تعلق نہیں ہوسکتا۔ پوری قوم سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔انہوں نے کہا کہ بے گناہ لوگ اسی طرح دہشت گردی کانشانہ بنتے رہے تو اسلام و پاکستان دشمن قوتوں کے مکروہ عزائم کو تقویت ملے گی اور خطے میں دہشت گردوں کا راج ہوگا، امریکہ بھارت اور اسرائیل جیسی قوتیں پاکستان میں انتشار پھیلا کر ملک کو تقسیم کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہیں۔ قوم معصوم شہریوں کی لاشیں اٹھا اٹھا کر تھک گئی ہے اب مزید قتل عام کو برداشت کرنے کا کسی میں حوصلہ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کوایٹم بم سے زیادہ اتحادکی ضرورت ہے۔ پوری قوم ملک میں امن وامان کے لیے فکر مند ہے ۔ سب سیاسی جماعتوں کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر پاکستان کی سلامتی کے لیے کام کرنا چاہیے ۔ ا سلام دشمن طاقتیں پاکستان کا امن تباہ کرنا چاہتی ہیں، ہمیں فرقہ بندی ، علاقائی تعصب اور شدت پسندی سے نکل کر دفاع پاکستان اور اتحاد امت کے لیے جدوجہد کرنا ہو گی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں