منگل، 30 دسمبر، 2014

جماعت اسلامی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کی جانے والی معمولی کمی کو مسترد کرتے ہوئے اس کیخلاف اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا

جماعت اسلامی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کی جانے والی معمولی کمی کو مسترد کرتے ہوئے اس کیخلاف اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا،جماعت اسلامی کے ضلعی امیرسردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ایک طرف عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات میں تیزی سے کمی ہو رہی ہے تو دوسری طرف حکمران چند روپوں کی کمی کرکے اپنی گڈ گورنس کے شادیانے بجا رہے ہیں ،عالمی مارکیٹ میں ہونے والی کمی کے مطابق پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں55روپے تک ہونی چاہیئے،قیمتوں میں حقیقی تبدیلی نہ کی گئی تو جماعت اسلامی اس کیخلاف اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کر ے گی۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ پٹرولیم مصنوعات ، بجلی اور گیس کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے اور عوام کو حکمرانوں کی کرپشن سے بچانے کے لیے اپنی نگرانی میں کمیٹی تشکیل دے اور پانچ سال میں اضافے کی مد میں وصول کیا گیا اربوں روپیہ غریب عوام کو واپس دلایا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکمران دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹ کرحکمران خود قربانی دینے کی بجائے عوام کی رگوں سے خون کا آخری قطرہ نچوڑنا چاہتے ہیں ۔اگر حکمرانوں نے اپنے شاہانہ اخراجات میں کمی کر لیں تو قیمتوں میں مزید کمی ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں جاری طویل اور غیر اعلانیہ بجلی اور سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ نے صنعتی اور کاروباری سرگرمیوں کو ماند کر دیا ہے۔ صنعتوں کو پیداواری عمل کیلئے بلاتعطل گیس و بجلی کی ضرورت ہوتی ہے مگر بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ سے صنعتی عمل بالکل ٹھپ ہو چکا ہے اور بہت سے صنعتی اداروں میں پیداواری عمل مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور لاہور میں بیٹھ کر دعوے کرنے والے حکمران اس حقیقت کو تسلیم کریں کہ دیہاتوں میں عوام ، نوجوانوں ، مزدوروں اور خواتین کے حالات بہت ہی پریشان کن ہیں۔ عوام کو جان و مال کا تحفظ دینا ہوگا وگرنہ عوام بپھر کر سڑکوں پر نکلیں گے جنہیں کنٹرول کرنا کسی کے بس میں نہیں ہوگا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں