جماعت اسلامی کے ضلعی امیرسردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے رضاآبادمیں جماعت اسلامی کے راہنما شیخ عبدالرؤف کے گھر دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات میں لاکھوں روپے اور سامان کی لوٹ مار کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں نے شہریوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا رکھا ہے ۔ عوام نے اگر از خود چوروں اور ڈاکوؤں کا مقابلہ شروع کر دیا تو یہ کسی بڑے حادثہ کا سبب ثابت ہو سکتا ہے اور اس کی تمام ترذمہ داری انتظامیہ پر ہو گی۔واقعہ میں ملوث مجرموں کو فوری طور پر گرفتار نہ کیا گیا توجماعت اسلامی کے کارکن تھانہ رضاآباد اور اعلیٰ افسران کے دفاتر کا گھیراؤ کریں گے۔ سردار ظفر حسین خان نے کہا کہ درجنوں ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی کی موجودگی میں شہری اپنی عزت،جان و مال اور کارو بار سے پریشان ہیں مگر حکومتی اور اپوزیشن ارکان اسمبلی مال غنیمت سمیٹنے میں مصروف ہیں ۔ پاکستان کا تیسرا بڑا شہر ترقیاتی اور اقتصادی طور پر بحرانوں کی زد میں آ چکا ہے،فیصل آباد کے شہری چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کا جس قدر شکار ہورہے ہیں اس کی مثال کہیں نہیں ملتی۔ غریب کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھینا جارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ تھانوں میں شریف شہریوں کی پگڑیاں اچھالی جارہی ہیں۔ تلاشیوں کے بہانے ناکے لگاکرموٹرسائیکل سواروں سے رشوت لینے کا طریقہ نکال لیاگیاجبکہ ڈاکو،چورسرعام دندناتے پھرتے ہیں۔روزانہ درجنوں کی تعدادمیں گاڑیاں،موٹرسائیکلیں اورموبائل فون چھینے جارہے ہیں مگر پولیس کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ انہوں نے کہاکہ اغواء برائے تاؤان اوردوران ڈکیتی قتل کی وارداتوں نے شہریوں کاامن وسکون چھین کرانہیں نفسیاتی مریض بنادیا ہے، شہری اپنے آپ کوغیرمحفوظ سمجھنے پرمجبورہیں اوران کی کہیں شنوائی نہیں ہورہی۔ بھوک ،بیماری اور بیروزگاری کے ستائے ہوئے عوام کے جان ومال اور عزت وآبرو بھی غیرمحفوظ ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی ،بے روز گاری ،لوڈشیڈنگ اور معاشی بحران کے شکار شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے ذہنی امراض میں مبتلاکیاجا رہا ہے ۔ پولیس کو پروٹوکول ڈیوٹیوں پر مامور کر کے عوام کو چوروں اور ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ سٹریٹ کرائم میں اضافہ کی وجہ سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل رہا ہے۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ فوری طور امن و امان کی بحالی پر توجہ دی جائے اور عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں