امیر جماعت ا سلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی جماعت اسلامی کے کارکنوں نے ملک میں جاری خشک سالی کے خاتمہ اور بارش کے لئے نماز جمعہ کے بعد نماز استسقاء ادا کی ۔ مولاناقاری حبیب الرحمان نے المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں نماز استسقاء کی امامت کروائی ، جماعت اسلامی کے ضلعی جنرل سیکرٹری غلام عباس خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اپنے خطبہ جمعہ میں انہوں نے کہا کہ اگر حکمران اللہ کی نافرمانی کا راستہ چھوڑ کر سچے دل سے توبہ کرلیں تو ہماری مشکلات اور پریشانیوں کو دور ہو سکتی ہیں مگر حکمران اپنے اس باغیانہ رویے کو چھوڑنے کیلئے تیار نہیں،ساری قوم ملک میں بدترین خشک سالی کے خاتمے کے لیے اللہ تعالیٰ سے رجوع اور توبہ و استغفار کرے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال سیلاب سے سینکڑوں شہری اور ہزاروں مویشی ہلاک جبکہ لاکھوں ایکٹر پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں اگر حکمرانوں میں ذرا بھی عقل ہوتی تو وہ اس پانی کو کار آمد بنانے اورذخیرہ کرنے کیلئے ڈیم بناتے اور اسی پانی سے بجلی پیدا کرکے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اور ملکی پیداوار میں اضافہ کرسکتے تھے مگر آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے غلام حکمران ملک کو کسی شعبہ میں بھی خود کفیل نہیں ہونے دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سودی معیشت ہے ،قوم کابال بال قرضوں کے جال میں پھنس چکاہے ۔آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک ہماری معاشی پالیسیاں بناتے ہیں اور تیل گیس اور بجلی کے نرخ طے کرتے ہیں ، پاکستان کی شہ رگ پر ہنود اور معیشت پر یہود کا قبضہ ہے ،ان حالات میں پاکستان کس طرح ترقی کرسکتا ہے ۔ حکمرانوں کا قبلہ درست نہیں ،یہ ملک و قوم کے نہیں ہمیشہ اپنے مفاد میں فیصلے کرتے ہیں ۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں