جماعت اسلامی نے تاجر برادری سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یکم اگست کو ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف ہونے والی ہڑتال کی مکمل حمائت کا اعلان کر دیا۔تاجرراہنماؤں نے المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری غلام عباس خان سے ملاقات کی اور انہیں بنکوں کے لین دین کے سلسلہ میں لگائے گئے ود ہولڈنگ کے سلسلہ میں اپنی تشویش سے آگاہ کیا۔ جماعت اسلامی کے امیرسردار ظفر حسین نے انہیں جماعت اسلامی کی طرف سے مکمل حمائت کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ پاکستان کی تاجر برادری کے شانہ بشانہ رہی ہے کیونکہ پاکستان کو معاشی استحکام بخشنے کے لئے تاجر برادری کا کردار ناقابل فراموش ہے ۔انہوں نے کہ حکمران خو تو ملکی سرمائے سے عیش کررہے ہیں اور ملکی دولت لوٹ کر بیرون ملک منتقل کررہے ہیں مگر پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی تاجر برادری کو مجبور کیا جا رہا ہے کہ وہ اپنے کاروبار سمیٹ لیں ، حکمرانوں کوعوام کے مفادات کا کوئی خیال نہیں اور وہ دونوں ہاتھوں سے قومی دولت کو لوٹنے میں مصروف ہیں، عوام بے روزگاری اور فاقوں کے باعث خودکشیاں کر رہے ہیں جبکہ حکومت نے بے حسی کامظاہرہ کرنے کی انتہاکردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری سے قربانی مانگنے والے اپنے شاہانہ اخراجات پر قابو پانے اور بیرون ملک سے اپنے اربوں روپے قومی بنکوں میں لانے کے بجائے عوام کو کند چھری سے ذبح کررہے ہیں ۔قوم نے جتنی قربانیاں دینا تھیں، غربت اوربھوک برداشت کرکے دے لیں ،اب حکمرانوں کو اپنی عیاشیوں کی قربانی دینا ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے بیرونی بنکوں میں پڑی ہوئی دولت واپس لانے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری پر جلد قابو پانے کی کوشش نہ کی تو بھوک کے مارے عوام سڑکوں پر نکل آئیں گے اور حکمرانوں کو بپھرے ہوئے عوامی غیض و غضب سے کوئی نہیں بچا سکے گا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں