جماعت اسلامی نے یوم آزادی کی تقریبات کا آغاز کردیا ،چنیوٹ بازار چوک میں ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے نائب امراء انجینئر عظیم رندھاوا، رائے اکرم کھرل ،رانا وسیم ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری غلام عباس،بزرگ راہنماء میاں عبد الکریم ،صدر پاسبان میاں اعجاز، صدر شباب ملی رانا عدنان کے ہمراہ شہریوں کو پاکستانی پرچم تقسیم کئے ۔شہریوں نے جماعت اسلامی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے نوجوان نسل میں جذبہ حب الوطنی کو اجاگر کرنے کی قابل قدر کوشش قرار دیا ۔
اس موقع پر میڈیا اور شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے سردار ظفر حسین خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو عظیم سے عظیم تر اسلامی و فلاحی مملکت بنانے کیلئے ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ،ملک کے آئین اور جمہوریت کے تحفظ کیلئے قوم کو متحد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی ہم سے تقاضہ کررہاہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھیں زبان،رنگ و نسل ،ذات پات سے بالاتر ہوکر سوچیں ۔پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجودمیں آیا ، اللہ کے فضل سے ہم ایٹمی طاقت ہیں اوراسلامی ممالک میں واحدیہ صلاحیت صرف ہمارے ہی پاس ہے لہٰذا تمام بدخواہوں کی نظریں ہم پراور ہماری ایٹمی ٹیکنالوجی کی صلاحیت پر ہے، ہمارے جتنے بھی حکمران آئے انہوں نے بھی ملک کو کمزور کرنے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیالیکن اللہ تعالیٰ کا فضل ہے کہ آج بھی ہماراپیاراوطن قائم ہے اورانشاء اللہ یہ قائم ہی رہے گا۔آج جشن آزادی مناتے ہوئے ہمیں یہ عہد کرناچاہیے کہ ہم ملک میں نظام مصطفی کونافذکرکے ہی دم لیں گے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں