جماعت اسلامی کے ضلعی امیرسردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ فیصل آباد سے سینکڑوں بسوں پر مشتمل ہزاروں مردو و خواتین کا قافلہ 21نومبر کو اجتماع عام میں شرکت کے لئے مینار پاکستان جائے گا۔مینار پاکستان پر محب وطن عوام کا تاریخ ساز اجتماع ہوگا ۔ یہ اجتماع قوم کو مایوسی ، انتشار اور انتہا پسندی و عدم برداشت کے اندھیروں سے نجات دلائے گا ۔سراج الحق پوری قوم میں شعور بیدار کر کے عوامی طاقت کو متحد کر نے کا لائحہ عمل دیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں زونل امراء اور برادر تنظیمات کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری غلام عباس خان بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی دینی ، سیاسی ، جمہوری اور عوام کی خدمت کرنے والی جماعت ہے ۔ جماعت اسلامی نے سیاست کو بھی امانت و دیانت ، تہذیب و شرافت ، جرأت و استقامت کو اپنا دینی اور سیاسی کلچر بنایاہے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان میں بکھرے شیرازے کو متحد کر کے بابرکت اسلامی انقلاب لانا چاہتی ہے جو قرآن و سنت اور پاکستان کے آئین کے ساتھ جڑا ہوگا۔ جماعت اسلامی پرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کو ایک اسلامی وفلاحی مملکت بنائے گی ۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد نظام کی تبدیلی کی جدوجہد ہے،جماعت اسلامی کے پاس اسلام کا مکمل نظام موجود ہے اور ہم قرآن وسنت کی بالادستی ،تقویٰ،علم اور خدمت کا پیغام لے کر عوام کے سامنے آئے ہیں اور قوم کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ حقیقی تبدیلی صرف اسلامی نظا م اور دیانت دار قیادت کے ذریعے ہی ممکن ہے اور امن اور عافیت صرف اللہ کی پناہ میں ہی حاصل ہوسکتی ہے، دیانت دار اور اہل قیادت ہی پاکستان کو موجودہ سیاسی اور معاشی بحران سے نکا ل سکتی ہے انہوں نے بتایا کہ اجتماع عام کے انتظامات تیزی سے جاری ہیں ۔ چار ہزاروں افراد کے لیے بیک وقت طہارت اور وضو کا انتظام کیا گیاہے ۔19نومبر کو مینار پاکستان پر خیموں کی ایک طویل و عریض بستی آباد ہو جائے گی ۔ ملک سے لاکھوں عوام اور 25 ممالک سے 1500 کے قریب مندوبین کی آمد متوقع ہے۔انہوں نے ذمہ داران سے کہا کہ عوام الناس کو اجتماع عام میں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ بھرپور شرکت کے لئے تیاریں کریں ۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں