بدھ، 19 نومبر، 2014

لاکھوں خواتین اور نوجوان طالبات اجتماع عام میں شرکت کر کے اپنی دینی حمیت کا مظاہرہ کریں گی, فوزیہ محبوب

جماعت اسلامی شعبہ خواتین کی ضلعی ناظمہ فوزیہ محبوب نے کہا ہے کہ جس تحریک میں خواتین شامل ہوں اس کو کامیابی سے کوئی نہیں روک سکتا،21نومبر کو مینار پاکستان پر ہونے وال جماعت اسلامی کا اجتماع عام تحریک تکمیل پاکستان کا نقطہ آغاز ثابت ہوگا، اسلامی پاکستان ہی خوشحال پاکستان کا ضامن ہوسکتا ہے، ملک بھر سے زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والی لاکھوں خواتین اور نوجوان طالبات اجتماع عام میں شرکت کر کے اپنی دینی حمیت کا مظاہرہ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کی جدوجہد میں بھی خواتین نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، آج جماعت اسلامی کی نڈر، صالح اور باصلاحیت قیادت میں مینار پاکستان کے سائے تلے جمع ہو کر ملک بھی کی خواتین مائیں، بہنیں اور بیٹیاں ایک بار پھر تجدید عہد وفا کریں گی۔ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک عطیہ خدا وندی تھا مگر خود غرض حکمرانوں نے اسے مستقل غربت، مہنگائی، جہالت اور بیماریوں کا گھر بنا دیا ہے، آج یہاں عام شہریوں کی جان و مال اور عزت و آبرو محفوظ نہیں۔ذلت و محتاجی ہمارا مقدر بن گئی ہے، اس پستی سے نکلنے کے لئے قوم کو ایک بار پھر متحد ہو کر رب کریم سے کئے گئے وعدے پر عمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 21نومبر سے قوم سراج الحق کی قیادت میں ایک ایسی جدوجہد شروع کرنے والی ہے جو اللہ کی سرزمین پر اللہ کے نظام کا پیش خیمہ ہوگی اور قوم کو خلافت راشدہ کا نمونہ میسر آئے گا جس میں ظلم و استحصال کی ہر شکل کو مٹا دیا جائے گا اور انصاف کا بول بالا ہوگا۔انہوں نے قوم کی ماؤں بہنوں اور بیٹیوں سے اپیل کی کہ وہ تکمیل پاکستان کی اس تحریک میں قیام پاکستان کے جوش و جذبے کے ساتھ جوق در جوق شرکت کریں اور دین و ملت کے خلاف دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنا کر اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانے میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں