منگل، 11 نومبر، 2014

اسوہ رسول ﷺ کو مشعل راہ بناکر ہی امت مسلمہ اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرسکتی ہے

جماعت اسلامی کے ضلعی امیرسردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ اسوہ رسول ؐ کو مشعل راہ بناکر ہی امت مسلمہ اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرسکتی ہے، عالم اسلام کو آج جن مصائب وآلام کا سامناہے وہ دین سے دوری کی وجہ سے ہیں، ان مشکلات کاحل صرف اسلامی تعلیمات اور اسوہ رسول  پر عمل پیرا ہونےمیں مضمر ہے۔اب بھی
وقت ہے کہ امت مسلمہ غیروں کی غلامی چھوڑ کر دامن مصطفی سے وابستہ ہو جائے ،اس وقت قوم کو اسوہ رسولؐ کی پیروی کرتے ہوئے گروہی ،مذہبی اور سیاسی اختلافات سے بالا تر ہو کر باطل قوتوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر وطن عزیز کو امن و امان اور ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنا نے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں غزالی ایجوکیشن ڑسٹ کے زیر اہتمام سیرت النبی کے موضوع پر طلبا و طالبات کے درمیان ہونے والے مقابلہ جات کے پوزیشن ہولڈر ز میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر غزالی ایجوکیشن کے ڈسٹرکٹ منیجر نذیر احمد صدیقی ،مرزا عبدالخالق ایڈووکیٹ،پروفیسر ریاض شاہد،چوہدری ندیم سندھو اور دیگر بھی موجود تھے۔سردار ظفر حسین نے کہا کہ شعائر اسلام کسی خاص تہذیب، ثقافتی اقدار یا روائتی ورثے کا نام نہیں بلکہ یہ وہ روشنی ہے جو تمام کائنات کو امن و سلامتی کی نور سے منورکرتی ہے۔ اسلام کے آفاقی اصولوں کی پاسداری ہمارے لیئے دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے۔۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے اور انتہا پسندی، فرقہ واریت اور دہشت گردی کی نفی کرتا ہے ۔اسلام کی تعلیما ت روئے زمین پر فساد پھیلانے اور کسی انسان کی نا حق جان لینے کی اجازت نہیں دیتیں۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرمؐ کی سیرت پاک ایسا تحفہ ہے جو قیامت تک تمام عالم انسانیت کے لیے رشد و ہدایت کا سر چشمہ ہے اور آپؐکی ساری زندگی قرآن حکیم کی عملی تفسیر ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں