ہفتہ، 5 ستمبر، 2015

وزیر اعلی پنجاب نے فوری طور پر نوٹس نہ لیا تو ہزاروں شہری پینسرہ روڈ بلاک کر دیں گے , جماعت اسلامی

جماعت اسلامی کے ضلعی امیرسردارظفرحسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے قبضہ مافیا کے دباؤ پر فیصل آباد سے جھنگ کو ملانے والے دو رویہ 110 فٹ چوڑی سڑک کوپینسرہ کے مقام پر صرف ایک کلومیٹر حصہ کو 80فٹ کیا جارہا ہے ، چند نامعلوم ہاتھ اپنے مفادات کی خاطر ایک بڑے ترقیاتی منصوبے کو سبوتاژ کرنے کی سازشوں مصروف ہیں ، وزیر اعلی پنجاب نے فوری طور پر نوٹس نہ لیا تو ہزاروں شہری اس سازش کو ناکام بنانے کے لئے پینسرہ روڈ بلاک کر دیں گے ،کسی کو ذاتی مفادت کے لئے عوامی مفادات کاسودا نہیں کرنے دیں گے ،اس کرپشن کو بے نقاب کرنے کے لئے جماعت اسلامی اعلیٰ عدالتوں تک بھی جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکزالاسلامی چنیوٹ بازار میں پی پی 63کے امیررانا اکرام اللہ کی
قیادت میں شہریوں کے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ۔سردار ظفر حسین خان نے کہا کہ فیصل آباد جھنگ روڈ ڈویژن کی سب سے مصروف شاہراہ ہے جو بین الصوبائی روٹ کے لئے بھی استعمال ہو رہی ہے ،زرعی علاقہ ہونے کی وجہ سے بھی گنے کی ٹرالیوں کی آمدورفت کے دنوں میں اس شاہراہ پر گھنٹوں ٹریفک بلاک رہتی ہے،اسی مقام پر ایم فور موٹر وے انٹر چینچ بھی زیر تعمیر ہے ،اس اہم شاہراہ کے مصروف ترین حصہ کو مزید کشادہ کرنے کی بجائے تنگ کرنا کس کے ذاتی مفاد میں ہے کیونکہ علاقہ کے رہائشی تو اسے مزید کھلا رکھنے کے حق میں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ پینسرہ چوک میں سرکاری زمین پر قابض بااثر افراد نے اپنی پراپرٹیاں بچانے کے لئے ڈویژن کی اس اہم ترین شاہراہ کا نقشہ تک تبدیل کر وا دیا ۔ان بااثر افراد کو ضلع بھر کے ارکان اسمبلی کی اشیر باد حاصل ہے ۔انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو متنبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس کے خلاف ایکشن لیا جائے اور سڑک کو پینسرہ کے مقام پر بھی 110فٹ چوڑا ہی رکھا جائے ورنہ علاقہ میں ہونے والی کشیدگی کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت پر ہو گی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں