پیر، 17 نومبر، 2014

معاشرے کے مظلوم ،مجبور اور پسے ہوئے طبقے کو اس تحریک کا ہراول دستہ بنائیں گے ، سردار ظفر حسین

جماعت اسلامی کے ضلعی امیرسردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ جس طرح ہمارے آباؤاجداد نے قائد اعظم کی قیادت میں انگریزوں اور ہندوؤں کی دوہری غلامی سے نکل کر پاکستان حاصل کیا تھا، اسی طرح جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں چند سال کے اندر پاکستان کو دنیا کی باوقار اور
خود مختار اسلامی و فلاحی مملکت بنائے گی ، 67سا ل گزرنے کے بعد بھی قیام پاکستان کے مقاصد حاصل نہیں ہوسکے ،جماعت اسلامی 21نومبر سے مینار پاکستان سے تکمیل پاکستان کی تحریک کا آغاز کر رہی ہے ،معاشرے کے مظلوم ،مجبور اور پسے ہوئے طبقے کو اس تحریک کا ہراول دستہ بنائیں گے ۔مینار پاکستان پر ہونے والاجماعت اسلامی کااجتماع عام ملکی سیاست میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں یو سی 177ضیا ٹاؤن کے معززین کو اجتماع عام کی دعوت دیتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر پی پی 62کے امیر فاروق احمد اور نائب امیر راؤ شیر افگن بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کی تاریخ ہے کہ ہر دور میں اس کے اندر حق کا جھنڈا بلند کرنے والے لوگ موجود رہے ہیں اور جماعت اسلامی بھی آج حق کا جھنڈا بلند رکھنے کی جدو جہد کر رہی ہے، ہم اپنے حکمرانوں سے بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان چار صوبوں ،پہاڑوں اور زمین کا نام نہیں بلکہ ایک عقیدے اور نظریے کا نام ہے اور اس کی بنیاد کلمہ لا الہ الا اللہ ہے ۔انہو ں نے کہاکہ ہمارے بزرگوں نے لاکھوں جانوں کی قربانیاں دے کر پاکستان اس لیے حاصل نہیں کیا تھاکہ یہاں االلہ اور رسول ؐ کے احکامات کا مذاق اڑایا جائے ،اب قوم کو اپنے دوست اور دشمن کی پہچان کرلینی چاہیے ۔67 سال سے برسراقتدار طبقے نے انہیں محرومیوں ، مایوسی اور بھوک ننگ کے سوا کچھ نہیں دیا ۔ انہوں نے کہاکہ حالات کا تقاضا ہے کہ ملک میں وسیع پیمانے پر تبدیلی لانے کے لیے اس ظالمانہ اور استحصالی نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے اور اس کی جگہ اسلام کا منصفانہ و عادلانہ نظام رائج کیاجائے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں