جماعت اسلامی کے ضلعی امیرسردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان بنانے میں محب وطن اقلیتی برادری کا کردار کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا،پاکستان کو ترقی دینے کیلئے اکثریت اور اقلیت کے درمیان مضبوط رابطہ اور تعلق ہونا چاہیے، مسیحی برادری تکمیل پاکستان کی کے لیئے جدوجہد میں جماعت اسلامی کا ساتھ دے،جماعت اسلامی برسر اقتدار آ کر اقلیتوں کو اسلامی تعلیمات کے مطابق حقوق دے گی کیونکہ جما عت اسلامی ملک میں قانون کی حکمرانی اورآئین میں اقلیتوں کودیے گئے حقوق کی علمبردارہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرسمس کے موقع پر جماعت اسلامی پی پی 69کے زیر اہتمام مسیحی برادری میں تحائف تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے گروپ لیڈر ساجد اقبال گجر ،الخدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی سیکرٹری مظہر نعیم رندھاوا ،زونل امیر میاں منیر احمد،سید اشفاق علی ،حیدر علی مقصود اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔سردار ظفر حسین نے کہاکہ ہماری آزادی، مسائل، خطرات، خوشیاں، غم، مشترکہ ہیں، پاکستان کی تعمیر ترقی میں مسیحی برادری نے شاندار کردار ادا کیا ہے ،عدلیہ ،فوج اور دیگر قومی اداروں میں مسیحی بھائیوں کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ،پاکستان کی مسیحی برادری محب وطن ہے اور ہمارے شانہ بشانہ ملکی دفاع اور ترقی و خوشحالی کیلئے مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے منشور کے مطابق اقلیتوں کے شخصی معاملات پران کے مذہبی قوانین اوررسوم کوترجیح دی جائے گی۔ان کوتعلیم، روزگار اور دیگر شہری حقوق فراہم کیے جائیں گے۔ ان کی عبادت گاہوں کی حفاظت اوراحترام کاخصوصی خیال کیاجائے گا۔ ان کے ساتھ ہونے والے غیر منصفانہ، جانبدارانہ اورغیر مناسب سلوک کا ازالہ کیاجائے گا۔ اقلیتوں کے ووٹ ڈالنے اورنمائندے چننے کا آسان اورموثر طریقہ واضع کیاجائے گا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں