جماعت اسلامی کے زیراہتمام سانحہ پشاور میں شہید ہونے معصوم بچوں اور اساتذہ کا غائبانہ نماز جنازہ چنیوٹ بازار چوک میں ادا کیا گیا۔جنازہ میں جماعت اسلامی کے مقامی قائدین اورکارکنوں سمیت سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت
اسلامی کے ضلعی امیر ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے دہشتگردی کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی بزدلانہ ، انسانیت سوز اور سفاکانہ کاروائی قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ یہ پاکستانی قوم کے لیے بدترین سانحہ ہے ۔یہ چند خاندانوں کے نہیں اٹھارہ کروڑ عوام کے بچے ہیں، معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے مسلمان تو کجا ان کا انسانیت سے بھی کوئی تعلق نہیں ہوسکتا۔ پوری قوم سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایک دفعہ پھر ثابت ہوگیاہے کہ دہشتگردی کے مقابلہ کے لیے مرکزی اور صوبائی حکومت ، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سیکورٹی ایجنسیاں یکسر ناکام ہو چکی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ یہ وقت سیاست بازی اور گیند ایک دوسرے کی کورٹ میں پھینکنے کا وقت نہیں ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں ملک کی سلامتی اور ر نظریے کے تحفظ کے لیے ایک ہو جائیں۔ہم اپنی یکجہتی سے پاکستان کو عراق ٗ لیبیا ٗ افغانستان اور شام نہیں بننے دیں گے۔ایک دوسر ے پر الزام تراشی کی بجائے متحد ہو کر دشمن کامقابلہ کرناچاہیے ۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں