بدھ، 24 دسمبر، 2014

مجاہد ہسپتال ،الخدمت فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی کے دیگر اداروں میں کام کرنے والے مسیحی ملازمین میں کرسمس کے موقع پر تحائف تقسیم کرنے کی خصوصی تقریب

جماعت اسلامی کے ضلعی امیرسردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے اقلیتوں کے نام پرفنڈزاکھٹے کرکے صرف اپنی تجوریاں بھری ہیں۔جماعت اسلامی نے اپنے مسیحی بھائیوں کی خوشیوں میں شریک ہو کر ثابت کیا ہے کہ جماعت اسلامی آئین میں اقلیتوں کودیے
گئے حقوق کی علمبردارہے ۔ہم بطور قوم دہشت گردی کا شکار ہیں مگردشمن ہمیں مسلکوں ، علاقوں اور قومیت کی بنیاد پر تقسیم کرناچاہتاہے ، بحیثیت قوم ہماری ذمہ داری ہے کہ ان سازشوں کو ناکام بنائیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے مجاہدہسپتال،الخدمت فاؤنڈیشن اورجماعت اسلامی کے دیگر اداروں میں کام کرنے والے مسیحی ملازمین کوکرسمس کے موقع پر تحائف تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے پاسٹرخالدناز،مجاہد ہسپتال کے صدرانجم اقبال بٹ،الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹرندیم سرور، رائے محمداکرم کھرل،ڈاکٹرشفقت جاوید،میاں اجمل حسین بدر،راناوسیم احمدایڈووکیٹ، ڈاکٹر عبدالحفیظ کاردار،یوسف گل پراچہ ،پاسٹر پرویز گل اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔سردار ظفر حسین نے کہاکہ پاکستان کی تعمیر ترقی میں مسیحی برادری نے شاندار کردار ادا کیا ہے ،عدلیہ ،فوج اور دیگر قومی اداروں میں مسیحی بھائیوں کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ،پاکستان کی مسیحی برادری محب وطن ہے اور ہمارے شانہ بشانہ ملکی دفاع اور ترقی و خوشحالی کیلئے مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے منشور کے مطابق اقلیتوں کے شخصی معاملات پران کے مذہبی قوانین اوررسوم کوترجیح دی جائے گی۔ان کوتعلیم، روزگار اور دیگر شہری حقوق فراہم کیے جائیں گے۔ ان کی عبادت گاہوں کی حفاظت اوراحترام کاخصوصی خیال کیاجائے گا۔ ان کے ساتھ ہونے والے غیر منصفانہ، جانبدارانہ اورغیر مناسب سلوک کا ازالہ کیاجائے گا۔ اقلیتوں کے ووٹ ڈالنے اورنمائندے چننے کا آسان اورموثر طریقہ واضع کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ جما عت اسلامی ملک میں قانون کی حکمرانی اورآئین میں اقلیتوں کودیے گئے حقوق کی علمبردارہے۔ جماعت اسلامی اقلیتوں کو پاکستان کی آبادی کااہم جزوسمجھتی ہے۔ مسیحی برداری کے حقوق کے لئے بھرپورجدوجہدجاری رہے گی ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں